National

دیوبند : گاندھی جی کے ستیہ گره کی طرز پر بڑھا خواتین کا احتجاجی دھرنا

متحدہ خواتین کمیٹی کے زیر اہتمام دیوبند کے عیدگاہ میدان میں شروع ہوئے اس احتجاجی دھرنے کو اب گاندھی جی کے ستیہ گرہ کی طرز پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

دیوبند۔ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف دہلی کے شاہین باغ کی طرز پر دیوبند میں شروع ہوئے خواتین کے احتجاجی دھرنے کو ٣٥ روز مکمّل ہو گئے ہیں۔ متحدہ خواتین کمیٹی کے زیر اہتمام دیوبند کے عیدگاہ میدان میں شروع ہوئے اس احتجاجی دھرنے کو اب گاندھی جی کے ستیہ گرہ کی طرز پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ خواتین نے اپنے اس احتجاج کو دیوبند ستیہ گرہ نام دیکر مطالبات کے منظور ہونے تک اسے جاری رکھنے کا ایک بار پھر اپنا عزم ظاہر کیا ہے۔

وہ ڈنڈا اٹھائیں گے ہم جھنڈا اٹھائیں گے ، وہ پتھر اٹھائیں گے ہم آئین اٹھائیں گے۔ دیوبند کے عیدگاہ میدان میں اس نعرے کے ساتھ احتجاجی خواتین اپنا مضبوط عزم ظاہر کر رہی ہیں۔ متحدہ خواتین کمیٹی کی ذمہ داران اور احتجاج پر بیٹھی مقامی خواتین دہلی میں ہوئے تشدد کے واقعات کو احتجاجی دھرنوں کو ختم کرانے کی ایک سازش قرار دیتے ہوئے اس پر افسوس ظاہر کر رہی ہیں لیکن خوفزدہ نہیں ہیں۔ احتجاج پر بیٹھی خواتین کے مطابق گاندھی جی کی ستیہ گرہ تحریک کی طرح ان کا یہ احتجاج بھی حکومت کی آنکھیں کھولنے اور اپنی بات رکھنے کے لئے ہے۔

احتجاجی خواتین کے مطابق ضلع اور پولیس انتظامیہ اب ان کے دھرنے کو ختم کرانے کے لئے مردوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اب تک جہاں چالیس افراد کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کیا گیا ہے اور اشتعال انگیز تقریر دینے کا بھی معاملہ درج کیا گیا ہے وہیں ١٠٥ خواتین کو نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف دیوبند عیدگاہ میدان میں دھرنے پر بیٹھیں خواتین کا کہنا ہے کہ یہ دھرنا نہ کسی کے دباؤ میں شروع کیا گیا اور نہ ہی ختم ہوگا۔ آج نہیں تو کل حکومت کو ان کے مطالبات پر غور کرنا ہی ہو گا۔

ANN News

ANN News is the first and only 24*7 Tv News Channel of Kashmir, having its headquarters at Srinagar. ANN News is available on all leading cable Networks, Also Available On JIO Tv , Vodafone,TataPlay , Candor Network, Dailyhunt and other leading Platforms

Leave a Reply Cancel reply

Exit mobile version